پشاور میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کے لیے اسکالرشپ کی تقسیم کے سلسلے میں ایک باوقار تقریب سٹی کونسل ہال، پشاور میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی مشیر اطلاعات حکومت خیبرپختونخوا جناب بیرسٹر محمد علی سیف تھے، جبکہ وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن برائے اقلیتی امور جناب وزیرذادہ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف جناب کبیر خان اور ڈپٹی سیکرٹری اوقاف جناب حبیب خان کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران پشاور سے تعلق رکھنے والے اقلیتی طلباء و طالبات میں مختلف ڈگری پروگرام کے مطابق اسکالرشپ چیکس تقسیم کیے گئے، جن میں پی ایچ ڈی (10 لاکھ)، ایم فل (2 لاکھ)، پروفیشنل طلباء (1 لاکھ)، ایم اے/ایم ایس سی (70 ہزار)، بیچلر (60 ہزار) اور انٹرمیڈیٹ (50 ہزار) روپے فی طالب علم شامل تھے ۔ صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 10 پی ایچ ڈی، 20 ایم فل، 60 پروفیشنل، 250 ماسٹر، 70 بیچلر اور 400 انٹرمیڈیٹ کے چیکس تقسیم کیے گئے۔ علاوہ ازیں، صوبے کے مختلف اضلاع میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی بیواؤں، یتیم بچوں، خصوصی افراد اور جہیز کے مستحقین میں بھی مالی امدادی چیکس تقسیم کیے جا رہے ہیں، جن میں 671 بیوہ خواتین (15,000 روپے فی کس)، 55 جہیز گرانٹ (80,000 روپے فی کس)، 55 خصوصی افراد (10,000 روپے فی کس) اور 108 یتیم بچوں (10,000 روپے فی کس) شامل ہیں۔اس موقع پر مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا جناب بیرسٹر محمد علی سیف نےکہا کہ حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے اقلیتی برادری کے طلباء و طالبات کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے دی جانے والی اسکالرشپس کو ایک خوش آئند قدم سمجھتا ہوں۔ یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور مواقع کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے۔ تعلیمی ترقی اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی راہ ہموار کرتی ہے، اور ہم اس مشن میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن برائے اقلیتی اُمور جناب وزیرذادہ نے اس موقع پر اپنے تقریر میں کہا کہاقلیتوں کی فلاح و بہبود ہمیشہ سے موجودہ حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے۔ آج کا یہ اسکالرشپ پروگرام ہمارے عزم کا عملی مظہر ہے کہ اقلیتی طلباء و طالبات کو تعلیم جیسے بنیادی حق سے بہرہ مند کیا جائے۔ تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جو اقلیتوں کو خود مختار، باشعور اور ترقی یافتہ بنا سکتا ہے۔ میں طلباء سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اس موقع کو غنیمت جان کر تعلیم میں بھرپور محنت کریں۔ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف جناب کبیر خان نے طلباء وطالبات سے اپنے خطاب میں کہا کہاوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور کا محکمہ اقلیتی برادری کی بہبود کے لیے کئی اقدامات پر عمل پیرا ہے، جن میں تعلیمی وظائف، بیوہ، جہیز، یتیم اور سپیشل پرسن گرانٹس شامل ہیں۔ ہمارا مقصد نہ صرف مالی معاونت فراہم کرنا ہے بلکہ اقلیتی طبقات کو خود انحصاری اور باوقار زندگی کی طرف گامزن کرنا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ اقدامات معاشرتی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دیں گے۔#KPGovernment #KPUpdates #MinorityAffairs #KPInfo #KPGovt #scholarships